نئی دہلی، 31دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اروند کجریوال پر حملہ کرتے ہوئے پنجاب کانگریس کے صدر امرندر سنگھ نے آج کہا کہ آپ کے قومی کنوینر ریاست کے نشے کے مسئلے سے توجہ بھٹکانے کی کوشش کرکے مسئلے کو کمتر کرنا چاہتے ہیں۔سنگھ نے کہا کہ آپ کے کارکنان خود ہی اپنی پارٹی کے لیڈران کے خلاف نشہ کرنے کا الزام لگا رہے ہیں جن میں سے کئی بدعنوانی اور جنسی اسکینڈل میں پکڑے جا چکے ہیں۔کجریوال کانگریس کے خلاف سفید جھوٹ بول کر توجہ بھٹکانے میں لگے ہوئے ہیں۔کانگریس کے خلاف نشے کی اسمگلنگ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے پنجاب کے سابق وزیر اعلی نے کہا کہ آپ لیڈر جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں تاکہ اپنی پارٹی کے لیڈروں پر لگے نشے کے الزامات سے توجہ بھٹکا سکیں۔پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کانگریس پنجاب میں نشے کے مسئلے سے لڑنے کے لئے مصروف عمل ہے اور پارٹی کی ریاستی یونٹ اقتدار میں آنے کے چار ہفتے کے اندر پنجاب سے نشے کے مسئلے کو ختم کرنے کے لئے پابندعہدہے۔